بنگلورو۔28؍اکتوبر(ایس او نیوز) ڈی وائی ایس پی ایم کے گنپتی کی خود کشی کے معاملہ میں وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جانے کے سلسلے میں آج مسٹر جارج نے پیشگی ضمانت حاصل کرنے کے سلسلے میں سینئر وکیلوں سے تبادلۂ خیال شروع کردیا۔ بتایاجاتاہے کہ سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کپل سبل بذات خود جارج کی طرف سے عدالت میں حاضر ہوں گے اور انہیں پیشگی ضمانت کی پیروی کریں گے۔آج وزیر اعلیٰ سدرامیا اور کے جے جارج نے اس سلسلے میں کپل سبل سے بات چیت کی۔ ایف آئی آر درج کئے جانے کے بعد سی بی آئی نے مسٹر جارج کو نوٹس جاری کرکے اگر پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا اور اس مرحلے میں انہیں تحویل میں لینے کی کوشش کی تو ایسی صورت میں پیشگی ضمانت حاصل کرلینے کامشورہ وکیلوں نے مسٹر جارج کو دیاہے۔پیر کی صبح مسٹر جارج مرکیرہ کی خصوصی سی بی آئی عدالت کے روبرو عرضی دائر کریں گے۔ اس کیس میں جارج کے علاوہ سینئر پولیس افسران پرنب موہنتی اور اے ایم پرساد کو بھی ملزم بنایا گیاہے۔ چونکہ جارج وزیر ہیں اسی لئے ان کی طرف سے تحقیقات متاثر ہوسکتے ہیں یہ خدشات ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی نے ان کے استعفیٰ کامطالبہ شروع کردیاہے۔ دوسری طرف سی بی آئی کی طرف سے عدالت سے رجوع ہوکر یہ مانگ کی جاسکتی ہے کہ جارج کو حراست میں رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ باہر رہ کر وہ مقدمہ کی جانچ کو متاثر نہ کرسکیں ، انہیں خدشات کو دیکھتے ہوئے جارج نے پیشگی ضمانت کی تیاری تیز کردی ہے۔ اس سے پہلے جنتکل کانکنی معاملہ میں جب سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیاتو انہوں نے بھی سی بی آئی عدالت سے رجوع ہوکر پیشگی ضمانت حاصل کرلی تھی۔